چمن(نورزمان اچکزئی)باب دوستی کی بندش سے سرحد کے دونوں جانب لوگ پھنس کر رہ گئے، خواتین، بچوں، عمر رسیدہ افراد کی حالت قابل تشویش، چمن کی حدود میں ایک ہزار سے زائد لوگ کھلے آسمان تلے پڑے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق افغان طالبان نے جمعہ کو پاک افغان بارڈر پر باب دوستی کو ہرقسم کی آمدورفت کےلئے بند رکھا۔ باب دوستی کی بندش سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ، امپورٹ ایکسپورٹ معطل رہی ۔ باب دوستی کے دونوں جانب پھنسے پاکستانی اور افغان شہریوں کےلئے پیدل آمدورفت بھی معطل تھی جبکہ تجارتی سرگرمیوں سے متعلق پاکستانی دفاتر کے ہرقسم کے آپریشن بھی معطل رہے ۔حکام کے مطابق سرحدکی غیر معینہ مدت کیلئے بندش کا فیصلہ صوبےقندہار میں طالبان متوازی گورنر مولوی حاجی وفا نے باب دوستی سے دوطرفہ آمدورفت کےطریقہ کار سے اختلاف اور عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر کیا تھا۔جمعہ کو سرحد کی بندش کے باعث بڑی تعداد میں افغان اور پاکستانی شہری باب دوستی پر پھنسے رہے پھنسے شہریوں میں خواتین،بچوں، عمررسیدہ افراد کی حالت قابل تشویش تھی ۔