اسلام آباد (نمائندہ جنگ)ہندو کونسل کے پیٹرن ان چیف و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مکمل تحفظ دیتا ہے،امید ہے کہ ضلع رحیم یار خان میں مندر پر حملے کے معاملہ پر سپریم کورٹ کی ہدایات پر جلد کارروائی ہو گی،پاکستان میں سوا کروڑاقلیتیں مقیم ، بین المذہبی ہم آہنگی بھی ہے، آئین اقلیتوں کو حقوق دیتا ہے۔انہوں نے جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رحیم یار خان میں مندر پر حملے کا معاملہ 21 جولائی کا ہے جب 8 سالہ ہندو بچہ مسجد میں گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جب مقامی لوگوں کو پتہ چلا کہ بچہ ہندو ہے تو شکایت پر پولیس اس کو گرفتار کر کے لے گئی اور بچے کو دو دن تحویل میں بھی رکھا گیا تھا۔