اسلام آباد (وقائع نگار) وزیر مواصلات مراد سعید نے پاکستان پوسٹ آفس اور بینک آف پنجاب کے مابین دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پوسٹ کے نظام کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں‘ تحریک انصاف کی حکومت غریب لوگوں کا سہارا بنی ہے۔ آج پاکستان پوسٹ اور بینک کے ساتھ معاہدہ طے کیا ہے اس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا ہے، بہت سے نوجوانوں نے خود سے اس پروگرام میں حصہ لیا ہے۔ ہر مہینے ایک نئی کامیابی سامنے دیکھنے کو نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت چالیس لاکھ افراد کو غربت سے نکالیں گے۔ کسانوں کے لئے قرضے دیئے جائیں گے، سستے گھروں کا بھی قدم اٹھایا ہوا ہے تاکہ غریب لوگوں کو چھت دے سکیں۔ مراد سعید نے مزید کہا کہ پاکستان پوسٹ ملک کا بہت پرانا ادارہ ہے، لوگ کہتے ہیں کہ یہاں پر ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کیا جاتا، لوگ کپڑوں میں باندھ کر ڈاک پہنچاتے ہیں، اب ہم انہی چیزوں پر غور کر رہے ہیں۔ پاکستان پوسٹ کے نظام کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں، پاکستان پوسٹ سے آپ کو سستی ترین سہولت بھی دی جاتی ہے، چار مہینوں میں ای کامرس میں اٹھایا گیا قدم بھی مکمل ہوجائے گا۔ ہم مل کر پاکستان پوسٹ کے ادارے کو بہتر بنائیں گے۔