گلگت(جنگ نیوز) گلگت بلتستان کے حلقہ 4 نگر 1کے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق اسلامی تحریک کے ایوب وزیری 5 ہزار 241ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے، ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے ذوالفقار بہشتی 5 ہزار 82 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبرجبکہ پیپلز پارٹی کے جاوید حسین 4 ہزار 194 ووٹ لے کر تیسرے نمبر رہے، کامیابی کے اعلان کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج کیا جس کے باعث شاہراہ قراقرم 3گھنٹے تک بند رہی،تاہم بعد ازاں شاہراہ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔اس حلقے میں پیپلز پارٹی کے جاوید حسین اور پی ٹی آئی کے آغا ذوالفقار اور اسلامی تحریک کے ایوب وزیری سمیت 7امیدوار میدان میںتھے،پیپلز پارٹی کے امجد حسین نے 2 حلقوں میں کامیابی کے بعد یہ نشست خالی کی تھی،گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ نگر 4 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا، جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا، حلقے میں 23 ہزار 497 رجسٹرڈ ووٹرز کےلئے 42 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے۔ 670پولیس اہلکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیئے،گلگت بلتستان اسکاؤٹ کے دو پلٹون بھی حلقہ میں موجود تھیں۔