کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئندہ عام انتخابات میں ملک میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں جیالا وزیراعلیٰ لاکر دکھائیں گے، پی ٹی آئی اور ن لیگ عوام کوحقوق نہ دے سکے، ہم پاکستان میں ایک ایسی عوامی حکومت لائینگے جو عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے،لوگ پہچان چکے ہیں کہ تبدیلی کا اصل چہرہ تاریخی مہنگائی، تاریخی غربت، تاریخی بے روزگاری ہے۔کوئٹہ میں سابق وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور سابق گورنر عبدالقادر بلوچ سمیت کئی بلوچ رہنمائوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے نواب ثناء اللہ زہری، عبدالقادر بلوچ دیگر رہنمائوں کو پیپلز پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم شانہ بشانہ رہ کر محنت اور جدوجہد کرینگے اور پورے بلوچستان میں پیپلزپارٹی کو مضبوط اور فعال بنائیں گے۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور آپ کا رشتہ آج کا نہیں بلکہ 3،3 نسلوں کا رشتہ ہے، آپ نے قائد عوام شہیدذوالفقار علی بھٹو کا ساتھ دیا تھا اور ہم نے تاریخ رقم کی تھی۔ا نہوں نے کہا کہ ہم نے اس ملک کے غریب عوام کو آواز دی، غریب کسانوں کو زمین کا مالک بنایا اور مزدوروں کو بھی حقوق دلوائے تھے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ صوبوں کو وہ حقوق دلائے تھے، جس کا وعدہ قائد عوام نے کیا تھا مگر وہ وعدہ تو صدر زرداری کے دور میں پورا ہوا، جب ہم نے صوبوں کو حقوق دلائے، جب ہم نے این ایف سی ایوارڈ دلایا تھا، اٹھارویں ترمیم کے ذریعے آپ کو اپنے حقوق دلائے تھے اور آپ کو اپنے وسائل کا مالک بنایا تھا۔انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے اس ملک کے غریب عوام کو حقوق دلوائے تھے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا تھا تاکہ ملک کی غریب ترین خواتین کو مدد پہنچا سکیں، تنخواہ، پنشن اور فوج کی تنخواہوں میں اضافہ کیا تھا۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ افسوس کے ساتھ پی پی پی کے بعد مسلم لیگ(ن)کی حکومت بھی آئی، تبدیلی حکومت بھی آئی، عمران خان کی حکومت آئی اور یہ ساری جماعتیں آپ سے حقوق سلب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہاکہ یہ جماعتیں آپ کے حقوق چھیننے کی کوشش کر رہی ہیں، جہاں وہ آپ کے اٹھارویں ترمیم کے حقوق ہوں یا این ایف سی ایوارڈ کے حقوق ہوں، آپکے آئی لینڈ، ساحل اور وسائل ہوں، سب کی نظریں آپ کے وسائل پر ہیں لیکن صرف ایک پاکستان پیپلز پارٹی ہے جو جانتی ہے کہ آپ کے حقوق کا کیسے دفاع کرنا ہے اور آپ تک کیسے پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ثنا ء اللہ زہری بھی ہمارے ساتھ ہیں، اب جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ بھی ہمارے ساتھ ہیں، ہم بلوچستان کے ہر ضلع اور ہر جگہ پر پہنچیں گے، قائد عوام کا منشور اور شہید بینظیر بھٹو کی نصیحت ساتھ لے کر چلیں گے۔