اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) وزیر داخلہ شیخ رشید نےکہاہےکہ سی پیک میں کسی رکاوٹ کو کسی قیمت پر قبول نہیں کیا جائے گا۔ اپوزیشن کو سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ آئندہ 6 ماہ میں خطے میں کیا حالات ہونے والے ہیں، اسرائیل اور بھارت ہمارے امن کیساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔جو لوگ ملک میں انتشار، خلفشار پھیلانے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں انہیں منہ کی کھا نا پڑے گی،میڈیاسے گفتگوکرتےہوئے وزیرداخلہ نےکہاکہ پوری قوم سی پیک اور کشمیر کے معاملے پر متحد ہے، ہم نے ملکی سلامتی کیخلاف بھارت، اسرائیل اور این ڈی ایس کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے، نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ ہو چکا ہے انہیں وطن واپس آنا چاہیے۔ نواز شریف اقتدار میں ہوں توبھڑکیں مارتے ہیں اور اقتدار سے اتر جائیں تو ملک سے بھاگ جاتے ہیں، نواز شریف کے پاس دو آپشن ہیں، اپیل کر لیں یا سیاسی پناہ حاصل کر لیں۔لیکن میرے خیال میں وہ سیاسی پناہ نہیں لیں گے،شیخ رشید کا کہنا تھا کسی نے بیان دیا تھا کہ شہباز شریف کو گرفتار کیا تو قیامت آجائے گی، اس ملک میں بھٹو پھانسی چڑھ گیا لیکن چڑیا نہیں پھڑکی۔انہوں نےکہاکہ جس کیساتھ ہوں اس کیساتھ کھڑا ہوں، جو سیاسی لڑائی لڑے گا میں عمران خان کیساتھ کھڑا ہو کر اس کا مقابلہ کروں گا۔انہوں نےعزاداران سے اپیل ہے کہ وہ کورنا وبا کے باعث محرم الحرام کے دوران این سی او سی کے ایس او پیزپر عمل کریں۔ 13 اگست کو لال حویلی میں گزشتہ 40 سال سے جشن آزادی کی خوشی میں کی جانے والی آتش بازی احترام محرم الحرام کی وجہ سے منسوخ کرتا ہوں۔قانون کی خلاف ورزی کرنے پر قانون کااطلاق ہو گا۔ قوم سے کہتے ہیں کہ اپنے عقیدے کو چھوڑنا نہیں ہے اور کسی کے عقیدے کو چھیڑنا نہیں، انہوں نے کہا کہ چینی ویکسین جن ممالک میں قابل قبول نہیں ، ان کا سفر کرنے کیلئے 7 ایام میں سرٹیفکیٹ کے اجرا کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ای الیون میں نالے کو 40 فٹ سے 18 فٹ پر لانے والوں کیخلاف کارروائی کریں گے۔ داسوواقعے کی تحقیقات وزارت داخلہ کے پاس ہے اور اداروں نے یہ تحقیقات مکمل کر لی ہیں لیکن اس کا اعلان وزیر خارجہ کریں گے۔ افغان سفیر کی بیٹی کیساتھ پیش آنےوالے واقعہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغان وفد گزشتہ روز یہاں سے واپس گیاہے ، انہیں ہم نے مختلف علاقوں کا دورہ کروایا ہے۔ان کو تمام ریکارڈ اور فوٹیج بھی دکھائی ہے۔ ہم نے ان سے کہا ہے کہ سفیر کی بیٹی کو یہاں بھیجاجائے اور جرمن موبائل فرانزک کیلئے جو چاہیے وہ بھی فراہم کیاجائے۔نواز شریف کے پاسپورٹ کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ان کے پاسپورٹ کی معیاد فروری میں ختم ہو چکی ہے ۔انہوں نےکہاکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان باڑ لگانے کا کام 96 فیصد تک مکمل ہے۔ چمن کے بارڈر کی وجہ سے بہت سے نقل و حمل بند ہو گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزارت داخلہ کو اسلحہ لائسنس کے اجرا کی اجازت مل گئی ہے۔ ممنوعہ بور کا اسلحہ لائسنس وزیر داخلہ اور غیر ممنوعہ بور کا لائسنس سیکرٹری داخلہ جاری کر سکیں گے، اس حوالہ سے قواعد و ضوابط مرتب کئے جا رہے ہیں اور انہیں سخت بنایا جا رہا ہے، عوام کو بھی اس حوالےسے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے، ضروری ہوا تو اس سلسلہ میں اشتہار بھی دیں گے، اسلحہ لائسنسز اب صرف ٹیکس دہندگان کو ہی جاری کئے جائیں گے، وہ دور ختم ہو گیا جب ایک ایک لاکھ اسلحہ لائسنس جاری کئے جاتے تھے۔ اسلام آباد میں سٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی روک تھام کیلئے آئی جی اسلام آباد کو ہدایات جاری کی ہیں تاہم اس کا ناکوں سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اسلام آباد میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو سروس 1122 کی20 گاڑیوں کا جلد افتتاح کریں گے۔ اسلام آباد میں 190 مزید کیمرے نصب کئے جانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ لیڈیز پولیس کی نفری بڑھانے اور انہیں جدید سہولیات سےمزین کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں سکیورٹی کیلئے 2 ہزار پولیس اہلکاروں کی بھرتی کی ڈیمانڈ کررہے ہیں ۔ ان میں سے ایک ہزار ابھی اور ایک ہزار بعد میں ہو گی۔