اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ نے بنگلادیشی خاتون کی ویزا میں توسیع کے حوالے سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کے دوران معاملہ وزارت داخلہ کو واپس بھجوا تے ہوئے کیس نمٹا دیا ہے ،جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل تین رکنی بنچ نے منگل کو کیس کی سماعت کی تو درخواست گزار مریم بیگم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کی موکلہ 1998 میں بنگلادیشن سے نوکری کیلئے پاکستان آئی تھیں بعد میں ایک پاکستانی شہری سے شادی کی اور یہیں مقیم ہو گئیں انہیں گذشتہ 23 سالوں سے ویزے مین توسیع ملتی رہی ہے لیکن وزارت داخلہ نے ایک سکیورٹی ایجنسی کی جانب سے کلئیرنس نہ ملنے کی وجہ سے اس بار انکے ویزے میں مزید توسیع دینے سے انکار کر دیاہے ، جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ معاملہ وزارت داخلہ سے متعلق ہے ،اس میں یہ عدالت کوئی ہدایات جاری نہیں کر سکتی ہے ،بعد ازاں عدالت نے مذکورہ بالا حکم کیساتھ کیس نمٹا دیا ۔