لاہور (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزاراحمدنے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس9ستمبر کو طلب کرلیا ، ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کا جج بنانے پر غور ہوگا۔سپریم کورٹ کےجسٹس مشیرعالم17اگست کوریٹائرہو رہے ہیں ،جوڈیشل کمیشن کےاجلاس میں خالی ہونیوالی اسامی پر تعیناتی کیلئے لاہورہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کےنام پرغورکیاجائےگا، اگر منظوری ہوگئی تو جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج بننے کا اعزاز حاصل ہوگا ،جسٹس عائشہ ملک لاہور ہائی کورٹ میں سنیارٹی لسٹ میں چوتھے نمبر پر ہیں اور ان کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ 2 جون 2028 ہے۔ 55 سالہ جسٹس عائشہ ملک نو سالوں سے لاہور ہائی کورٹ میں تعینات ہیں،انھوں نے ابتدائی تعلیم پیرس، نیویارک اور پھر کراچی سے حاصل کی، بی کام کراچی سے کرنے کے بعد لاہور سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی، ایل ایل ایم ہارورڈ لاء اسکول امریکا سے کیا، جس کے بعد واپس آکر انہوں نے وکالت کا آغاز کیا۔