ترجمان سندھ حکومت و ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، شہید ملت لیاقت علی خان کے فرزند اکبر علی خان کے گھر پہنچ گئے۔
مرتضیٰ وہاب نے دوران ملاقات اکبر لیاقت علی خان کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے اعلان کے مطابق ان کے مالی اخراجات کا چیک انہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ اکبر علی خان کے علاج معالجے کے تمام اخراجات بھی سندھ حکومت برداشت کرے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ میں پہلے بھی وزیر اعلیٰ سندھ کے ہدایات پر اکبر لیاقت علی کے گھر ان کے مزاج پُرسی کرنے آیا تھا اور ہر ممکن تعاون کی رضاکارانہ پیشکش کی تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی قائد ملت لیاقت علی خان کی فیملی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت نے یہ بھی کہا کہ ملک کے محسن و پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کی فیملی کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
دوران ملاقات اکبر لیاقت علی خان اور ان کی فیملی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا شکریہ ادا کیا۔