ہر گزرتا سال ہمارے کئی عزیر و اقارب سمیت بہت سی نامور شخصیات کو اپنے ساتھ لے جاتا ہے لیکن ان کی یادیں ایسی ہوتی ہیں جو کبھی مٹ نہیں سکتیں۔
2024ء میں بھی بہت سی نامور شخصیات ایسی ہیں جو انتقال کر گئیں اور اپنے پیچھے اپنی یادیں چھوڑ گئیں۔
آئیے تیزی سے گزرتے اس سال کے دوران انتقال کر جانے والی پاکستانی مشہور شخصیات کی یادیں تازہ کرتے ہیں۔
خالد بٹ ایک معروف تجربہ کار اداکار تھے جنہوں نے اپنے شاندار کیریئر کا آغاز پی ٹی وی سے کیا۔
انہوں نے اپنی زندگی کے کئی سال انڈسٹری کے لیے وقف کیے، انہوں نے اپنی ورسٹائل پرفارمنس سے انڈسٹری میں جگہ بنائی۔
جیو انٹرٹنمینٹ کی مشہور ڈرامہ سیریل خئی میں انہوں نے آخری بار اداکاری کے جوہر دکھائے۔
دل اور پھیپھڑوں کے مسائل سے دو چار ہونے کے باوجود انہوں نے ڈرامہ سیریل خئی میں جاندار اداکاری کی جسے ناظرین نے بے حد پسند کیا۔
ابھی ڈرامہ سیریل خئی آن ایئر تھا کہ 11 جنوری کو خالد بٹ کے انتقال کی خبر آ گئی۔
2024ء میں انتقال کر جانے والی پاکستانی مشہور شخصیات میں باصلاحیت پروڈیوسر راشد ڈار بھی شامل ہیں۔
پی ٹی وی کے سنہرے دور میں انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، رواں سال 20 مارچ کو وہ اس فانی دنیا سے رخصت ہو گئے۔
لیجنڈری پاکستانی کرکٹر سعید احمد بھی ان نامور پاکستانی شخصیات میں سے ایک ہیں جو اس سال اس فانی دنیا سے رخصت ہو گئے۔
وہ 86 برس کی عمر میں اپنے مداحوں اور اہلِ خانہ کو سوگوار چھوڑ گئے۔
پاکستانی شوبز انڈسڑی کو اس سال مایہ ناز اداکار و صدا کار طلعت حسین کی جدائی کا غم بھی برداشت کرنا پڑا۔
طلعت حسین 26 مئی کو 83 برس کی عمر انتقال کر گئے۔
انہوں نے فنونِ لطیفہ کو نصف صدی دی، یعنی انہوں نے اپنی عمر کا بیشتر حصہ اداکاری، صداکاری، آرٹ اور فن کو دیا اور انمٹ نقوش چھوڑے۔
ماضی کی نیوز کاسٹر تسکین ظفر بھی ان پاکستانی مشہور شخصیات میں سے ایک تھیں جنہوں نے اس سال اپنے مداحوں اور اہلِ خانہ کو ہمیشہ کے لیے غم زدہ چھوڑ دیا۔
وہ پی ٹی وی کے سنہری دور کی مشہور نیوز کاسٹر تھیں، جنہوں نے ریڈیو پاکستان کے لیے بھی کام کیا۔
وہ 67 سال کی عمر میں مختصر علالت کے بعد رواں برس جون میں انتقال کر گئیں۔
ناہید انصاری پاکستانی ٹیلی ویژن کی سب سے باصلاحیت اور پسندیدہ شیف تھیں۔
اپنی پُرکشش شخصیت اور غیر معمولی کھانا پکانے کی مہارت کے ساتھ انہوں نے ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا، انہوں نے مختلف چینلز پر کھانا پکانا سکھایا۔
ناہید آپا مختلف ٹی وی چینلز پر اپنے لذیز کھانوں اور بیکنگ کلاسز کے باعث مشہور تھیں۔
انہوں نے اپنی زندگی کے 35 سال سے زیادہ کھانا پکانے کے لیے وقف کیے۔
ناہید انصاری کے کوکنگ شوز نے ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی اور اپنی غیر معمولی ترکیبوں سے سامعین کو مسحور کیا۔
ان کے انتقال نے پاکستانی کھانا پکانے کی صنعت پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔
ناہید انصاری چھاتی کے کینسر جیسے موذی مرض سے جنگ لڑتے ہوئے جولائی میں زندگی کی بازی ہار گئیں۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار و کامیڈین سردار کمال 30 جولائی کو دل کا دورہ پڑنے کے سبب انتقال کر گئے۔
ان کا شمار پاکستان کے مایہ ناز کامیڈینز میں ہوتا تھا، وہ عرصہ دراز سے نجی ٹی وی کے ساتھ بھی منسلک تھے۔
اپنے کریئر کے دوران اداکار سردار کمال نے سیکڑوں تھیٹر ڈراموں میں کام کیا اور مداحوں کو اپنے فن سے خوب محظوظ کیا۔
2009ء میں کوک اسٹوڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے میوزک بینڈ ’زیب اینڈ حنیا‘ سے وابستہ 39 سالہ معروف پاکستانی گلوکارہ اور گٹارسٹ حنیا اسلم دل کا دورہ پڑنے سے 11 اگست کو انتقال کر گئیں۔
حنیا اسلم اور ان کی کزن زیب بنگش نے مل کر میوزک بینڈ ’زیب اینڈ حنیا‘ کی بنیاد 2007ء میں رکھی تھی۔
انہوں نے 2008ء میں کوک اسٹوڈیو کے سیزن 2 میں اپنے گانے ’پیمانہ‘ سے شہرت حاصل کی، تاہم حنیا 2014ء میں موسیقی کوچھوڑ کر تعلیم مکمل کرنے کے لیے کینیڈا منتقل ہو گئی تھیں۔
انہوں نے 2016ء میں کینیڈا سے ہی اپنے سولو کیریئر کا آغاز کیا، پھر پاکستان واپس آنے کے بعد انہوں نے مختلف فلموں میں بطور کمپوزر اپنی خدمات انجام دیں۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز کے شوہر، فلم ساز یحییٰ صدیقی 12 ستمبر کو کینسر کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے۔
شگفتہ اعجاز کے دوسرے شوہر یحییٰ صدیقی گزشتہ 5 سال سے کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔
وہ انتقال سے قبل کئی دن تک اسپتال میں زیرِ علاج رہے۔
معروف فلم ساز الطاف حسین بھی ان پاکستانی مشہور شخصیات میں شامل ہیں جو اس سال دنیا سے رخصت ہو گئے۔
وہ اردو اور پنجابی دونوں سنیما کے بڑے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر تھے۔
پی ٹی وی اسٹار مظہر علی بھی رواں برس انتقال کر گئے۔
وہ عروسہ، افشاں اور دیمک جیسے کئی ہٹ شوز کا حصہ تھے۔
وہ امریکا منتقل ہو گئے تھے اور مختصر علالت کے بعد ہیوسٹن میں انتقال کر گئے۔
عابد کشمیری ایک اور مشہور نام ہے جو اس سال اپنے مداحوں سے بچھڑ گیا۔
انہوں نے تھیٹر، ٹیلی ویژن اور فلموں میں کام کیا، ان کے چاہنے والوں نے انہیں ہمیشہ پسند کیا۔
وہ اپنے خاندان کے ساتھ امریکا شفٹ ہو گئے تھے 11 اکتوبر 2024ء کو ان کا انتقال ہوا ہے۔
استاد طافو خان پاکستان کے تجربہ کار موسیقار اور طبلہ نواز تھے۔
میوزک انڈسٹری میں ان کی میراث بے مثال ہے اور انہوں نے ملک کے تمام بڑے گلوکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔
ان کا انتقال 26 اکتوبر 2024ء کو لاہور میں ہوا۔
مشہور تھیٹر پروڈیوسر فرقان حیدر رضوی 10 نومبر 2024ء کو انتقال کر گئے۔
انہوں نے بہت سے کامیاب شوز پروڈیوس کیے، جن میں ان کا سب سے قابلِ ذکر کام بکرا قسطوں پہ تھا، جس میں مرحوم عمر شریف نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
فرقان حیدر رضوی کا انتقال امریکی شہر ڈیلاس میں ہوا۔