پشاور ( نیوزڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ماحول پروان چڑھانے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ صوبے میں صنعتوں کو فروغ مل سکے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے پہلے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان، سینیٹر محسن عزیز ایڈیشنل چیف سیکرٹری محمد اعظم خان، سیکرٹری صنعت ڈاکٹر اکبر درانی، مختلف محکموں کے نمائندوں کے علاوہ بورڈ کے اراکین نے شرکت کی۔بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے چیف ایگزیکٹیو نذیر اعوان نے اجلاس کو بورڈ کی کارکردگی اور مجوزہ منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبے میں سرمایہ کاری تیز کرنے کیلئے مختلف تجاویز پر بحث کی گئی اور متعدد فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں انسانی وسائل کی ترقی، آڈٹ، مالیات اور سرمایہ کاری کیلئے کمیٹیوں کی تشکیل کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔ اسی طرح بورڈ کیلئے قواعد و ضوابط کی تیاری کیلئے کنسلٹنٹس کی خدمات کے حصول کو مشتہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں صنعتی منصوبوں کے جائزہ ااور منظوری کیلئے تین مہینے کی مدت کی حد مقرر کی گئی۔ اجلاس میں کئی مجوزہ منصوبوں کو دوبارہ مشتہر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بورڈ آف انوسٹمنٹ بورڈ کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے اگلے بجٹ میں دس کروڑ روپے مختص کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت نے صنعتوں کی ترقی کیلئے پرکشش مراعات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5فیصد سود کی چھوٹ کے علاوہ سرمایہ کاری کیلئے طریق کار کو آسان بنایا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت صوبے میں ہر قسم کی صنعتوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے بورڈ کو صوبے میں صنعتوں کی ترقی اور سرمایہ کاری کیلئے فضاء ہموار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صوبے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار راغب کرنے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔