اسلام آباد(نمائندہ جنگ) امریکی وزیر خارجہ اینٹونی جے بلنکن نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا اور دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔پیر کی رات ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مختصر عرصے میں صورت حال میں نمایاں تبدیلی اور تشدد سے بچنے کے حوالے سے امریکی ہم منصب کو پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا۔ انہوں کہا کہ ’افغانستان میں جامع سیاسی تصفیے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے کوششوں کو فروغ دینے کے سلسلے میں امریکہ اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔افغانستان کے ساتھ امریکہ کے اقتصادی روابط جاری رہنا ضروری ہیں۔‘شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب کو افغانستان سے سفارتی مشنز، بین الاقوامی تنظیموں، میڈیا اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کے انخلا میں سہولت فراہم کرنے کی پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’ہم امریکہ کے ساتھ طویل مدتی اور پائیدار تعلقات قائم کرنے کا عزم رکھتے ہیں جو کہ امن، گہرے اقتصادی تعاون اور علاقائی روابط پر استوار ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔