• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معائنہ، میڈیا پر پابندی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معائنے کے سلسلے میں میڈیا کے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے الیکٹرونک ووٹنگ مشین پر الیکشن کمیشن کو ڈیمو دیا گیا، اس موقع پر میڈیا پر کوریج کے لیے پابندی عائد کی گئی۔

الیکشن کمیشن اسلام آباد کے دفتر کے باہر وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج تاریخی دن ہے، ہمارا الیکشن کو شفاف بنانے کا وعدہ تھا، جس کے لیے ہم نے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اپنی سرپرستی میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین تیار کروائی، ہم نے الیکشن کمیشن کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے مشین بنائی۔

شبلی فراز نے بتایا کہ پرانے طریقۂ کار کے مطابق ہمیں وہ نتائج حاصل نہیں ہوئے جو شفاف ہوں، امید ہے کہ الیکشن کمیشن نئی ٹیکنالوجی کی طرف رجوع کرے گا۔

انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین استعمال میں آسان ہو گی، اس مشین کا تعلق انٹرنیٹ اور وائی فائی سے نہیں ہے۔

وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی نے حزبِ اختلاف کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن سیاسی جماعتوں سے کہوں گا وہ آئیں اور مشین کا معائنہ کریں، تمام سیاسی جماعتیں اسٹیک ہولڈرز ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس وقت مشین کی لاگت کی بات نہیں ہو رہی کیونکہ ہم نے اسے پروٹو ٹائپ بنایا ہے، منفی سوچ رکھنے والے کبھی کوئی مثبت بات نہیں کریں گے۔

شبلی فراز کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو ہم ڈکٹیٹ نہیں کر سکتے، تاہم الیکشن کمیشن آف پاکستان اس ضمن میں جو فیصلہ کرے گا وہ ہم من و عن قبول کریں گے۔

وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین میں کچھ بھی خفیہ نہیں ہے، تمام پارٹیاں اپنے ٹیکنیکل ایکسپرٹ بھیجیں اور الیکٹرونک مشین کو پرکھیں۔

تازہ ترین