اسلام آباد (ایجنسیاں)سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار د یتے ہوئےوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو شکست دینے والے پنجاب کے رکن صوبائی اسمبلی سلمان نعیم کو بحال کر دیا، جہانگیر ترین نے شیخ سلمان نعیم سے ملاقات کی اور انہیں ایم پی اے رکنیت بحالی پر مبارکباد دی، تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے سلمان نعیم کی نااہلی کے خلاف الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔سلمان نعیم نے پی پی 217 ملتان سے آزاد حیثیت سے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی تھی۔2 شناختی کارڈ رکھنے پر سلمان نعیم کی اہلیت کو چیلنج کیا گیا تھا۔دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سردار جہانگیر ترین نے شیخ سلمان نعیم سے ملاقات کی اور انہیں سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے بطور ایم پی اے رکنیت بحالی پر مبارکباد دی۔