کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بار بار غلطیاں دہرا کر ملک کا اربوں روپے کا نقصان الگ کررہی ہے اور عوام کی جیب پر بوجھ الگ ڈال رہی ہے اور اب مزید پڑنے والا ہے، جمعے کو پی ایس او نے ستمبر کیلئے ایل این جی کا ٹینڈر کھولا ہے، ایک دفعہ پھر غلطی کو دہراتے ہوئے ایک ماہ سے بھی کم یعنی 26دن پہلے ٹینڈر کیا ہے اور ایک دفعہ پھر تاریخ کے بلند ترین ریٹس ملے ہیں، 16ستمبر کی ونڈو کیلئے 34.6فیصد یعنی تقریباً 25ڈالرز اور 26ستمبر کیلئے 24.5فیصد یعنی 18ڈالرز کا ریٹ ملا ہے، ہم نے پی ایس او انتظامیہ سے پوچھا کیا آپ ان بڈز کو قبول کریں گے؟ تو ان کا جواب تھا کہ ہم ان بڈز کو اپنے بورڈ کے پاس لے کر جائیں گے، ان کے سامنے ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی صورتحال رکھیں گے اور اس کے مطابق ہی بورڈ فیصلہ کرے گا، اب صورتحال یہ ہے کہ دیر کرنے کی وجہ سے اگر بڈز قبول کیں تو ملک کا نقصان ہوگا اور بڈز مسترد کر کے فرنس آئل سے بجلی پیدا کی تب بھی ملک کا نقصان ہوگا، تین چار ماہ پہلے ایل این جی 10فیصد کے ریٹ پر مل رہی تھی اب 34فیصد کے ریٹ پر مل رہی ہے ، اگر پی ایس او نے بڈز منظور کرلی تو صرف 2ٹینڈرز میں 85ملین ڈالرز یا 14ارب روپے کی اضافی ادائیگی ہوگی۔نمائندہ جیو نیوز قندھار نور زمان نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے قندھار پر طالبان کے قبضے کے بعد لوگوں کا ملا جلا ردعمل ہے، توقع کے برخلاف یہاں تفریحی مقام اینومینا پر ہزاروں لوگ تفریح کرتے نظر آئے جبکہ سیکیورٹی کیلئے طالبان بھی جگہ جگہ تعینات تھے۔نمائندہ خصوصی جیو نیوزاعزاز سید نے کابل سے بتایا کہ کابل میں سڑکوں پر خواتین موجود ہیں البتہ پردے کا خیال رکھ رہی ہیں، کابل شہر میں معمولات زندگی مکمل طور پر بحال نہیں ہوئے ہیں، انتقال اقتدار کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی لوگوں کے خدشات ختم ہوں گے۔ افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے کہا کہ نئی حکومت کے قیام کیلئے طالبان کے حامد کرزئی، عبداللہ عبداللہ اور گلبدین حکمتیار سے مذاکرات ہوئے ہیں، طالبان اور افغان لیڈرز آئندہ چند ہفتوں میں اس مقصد کے حصول کیلئے پرامید ہیں، افغانستان میں مختلف نسلی گروپوں پر مشتمل حکومت کا قیام ایک مشکل عمل ہوگا، افغانستان میں تمام قوتوں کو ایک نکتہ پر یکجا کرنا ایک پیچیدہ عمل ہے، افغان امن عمل میں پاکستان، امریکا، چین اور روس کا کلیدی کردار رہا ہے، طالبان پر واضح ہے کہ عالمی برادری افغانستان میں متفقہ سیاسی سیٹلمنٹ کی خواہشمند ہے، اس سیاسی نظام میں انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کا احترام بھی شامل ہے،دنیا سمجھتی ہے کہ افغانستان میں دیرپا امن کیلئے طالبان کو حکومت میں تمام فریقین کو حصہ دینا ہوگا۔ نمائندہ بیوروچیف جیو نیوز لاہور رئیس انصاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے مینار پاکستان پر خاتون ہراسانی کیس میں چوبیس گھنٹے میں رپورٹ مانگی تھی، 13اگست کوبھی لوگ دروازے توڑ کر مینار پاکستان میں گھس گئے تھے اور گارڈز کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ توڑ پھوڑ اور جلاؤگھیراؤ بھی کیا لیکن یہ معاملہ اعلیٰ حکام کو نہیں پہنچایا گیا، جمعے کو اجلاس میں جب وزیراعلیٰ کو اس واقعہ کا پتا چلا تو انہوں نے فوری طور پر ابتدائی رپورٹ میں ذمہ دار قرار دیئے گئے پولیس افسران کو ہٹانے کا حکم دیدیا، میں نے پہلی بار دیکھا ہے کہ کسی وزیراعلیٰ نے ایسے واقعہ پر پولیس کے اعلیٰ افسران کو عہدوں سے ہٹانے اور معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہو۔ رئیس انصاری کا کہنا تھا کہ اگر 13اگست کے واقعہ کے بعد مینار پاکستان پر 100پولیس اہلکار بھی تعینات کردیئے جاتے تو 14اگست جیسا واقعہ نہیں ہوتا۔سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ جہانگیر ترین اور عمران خان کی صلح کے امکانات بہت کم ہیں، عمران خان ترین گروپ سے ملاقات میں بھی کہہ چکے کہ جہانگیر ترین نے گڑبڑ تو کی تھی، ترین گروپ کو یقین ہے کہ آئندہ انہیں پی ٹی آئی کا ٹکٹ نہیں ملے گا اس لئے وہ صلح کرنے یا اگلے کسی ٹھکانے کی تلاش میں ہیں، جہانگیر ترین حکومت کا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہنی مون ختم ہونے کے انتظار میں ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ ستمبر اکتوبر کے بعد حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کا ہنی مون ختم ہوجائے گا، جہانگیر ترین اسٹیبلشمنٹ کی مدد کے منتظر ہیں تاکہ ان کا گروپ کھڑا ہوسکے۔