• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود قریشی چار ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں دشنبے پہنچ گئے

اسلام آباد (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اپنے چار ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں منگل کو تاجکستان کے دارالحکومت دشنبے پہنچ گئے۔دوشنبہ ہوائی اڈے پر ،تاجکستان کے نائب وزیر خارجہ، فرہاد سلیم، تاجکستان میں پاکستان کے سفیر عمران حیدر اور پاکستانی سفارت خانے کے سینیئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔وزیر خارجہ (آج) بدھ کو تاجکستان کے دارالحکومت دشنبے میں تاجک ہم منصب سراج الدین مہرالدین کے ساتھ ملاقات کریں گے ۔وزیر خارجہ، صدارتی محل بھی جائیں گے اور وہا ں تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے ساتھ ملاقات کریں گے ۔ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ ، افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ ء خیال اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔وزیر خارجہ کے اس چار ملکی دورے کا مقصد ، افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں،علاقائی سطح پر درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور متفقہ لائحہ عمل اپنانے کیلئے خطے کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مشاورت کرنا ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،یہ دورہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر کر رہے ہیں۔

تازہ ترین