اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی ملاقا ت ۔ بلاول ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی موجود تھی ، ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔راجہ پرویز اشرف نے قیادت کو پنجاب سے پارٹی میں شمولیت کے خواہاں افراد کے معاملے سے آگاہ کیاصدر زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور راجہ پرویز اشرف کے درمیان پنجاب میں پی پی پی کی تنظیمی صورت حال پر بھی بات چیت کی،بلاول بھٹو زرداری نے کہا اگلا انتخاب جیالے جیتیں گے، ملک بھر سے مختلف پارٹیوں کے سیاسی رہنما ہمارے رابطے میں ہیں، عمران خان عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں، پی پی پی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی،پیپلزپارٹی اپوزیشن کی مضبوط اورتوانا آواز ہے، اس نے ملک کے کونے کونے میں جاکر عوام دشمن پی ٹی آئی حکومت کو آئینہ دکھایا ہے۔