مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کراچی کے 3 روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کراچی میں 28 اگست کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف 29 اگست کو کراچی میں ہونے والے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔
شہباز شریف کے اعزاز میں پارٹی رہنماؤں کی جانب سے استقبالیہ دیا جائے گا، عشائیے میں کراچی کی کاروباری برادری اور اہم شخصیات بھی شریک ہوں گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہباز شریف کاروباری برادری کے ساتھ ملاقات میں ملکی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کریں گے۔