اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ PDM کے بے موسمی جلسے کورونا پھیلاؤ کا باعث بنیں گے،عمران خان سے استعفیٰ لینے نکلے تھے وہ کہاں گئے؟
افغان ایشو پر تمام ممالک نے پاکستان کے کردار کی تعریف کی، پی ڈی ایم کے بے موسمی جلسوں سے حکومت کو کوئی تشویش نہیں، اپوزیشن بے وقت کی راگنی الاپ رہی ہے۔
پی ڈی ایم کے بے موسمی جلسے کورونا وبا کے پھیلاؤ کا باعث بنیں گے۔ وبا کا پھیلاؤ کم ہونے پر اپوزیشن اپنے جلسوں کا شوق پورا کرلے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3سال میں پی ڈی ایم کی تمام تحریکیں ناکام ہوئیں۔
پی ڈی ایم اب اپنی کوئی نئی چال چلنا چاہتی ہے تواپنا شوق پورا کرے۔ ماضی کی طرح اب بھی ناکامی مقدر ہوگی۔ جو لوگ عمران خان سے استعفیٰ لینے نکلے تھے وہ کہاں گئے۔ پی ڈی ایم عملاً ختم ہو چکی ہے۔
ملتان میں مختلف تقریبات سے خطاب میں انہوں نے کہا وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں ملکی ترقی کا سفر جاری ہے جو اپوزیشن کے شور شرابے سے رک نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا میرا چار ملکی دورہ کامیاب رہا۔