کوئٹہ(پ ر) بی این پی کی مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری نے ضلع ہرنائی کے نادرا انچارج کی جانب سے مقامی مری بلوچوں کے ساتھ روا رکھے گئے امتیازی اور متعصبانہ سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ جب وہاں کے مقامی مری بلوچ دور دراز پسماندہ علاقوں کا طویل سفر طے کرکے اپنے کمپیوٹرائز شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کی رجسٹریشن کےلیے نادرا سینٹر تک پہنچتے ہیں تو انہیں مختلف بہانے جواز بناکر واپس کیا جاتاہے کہ یہاں آپ لوگوں کی رجسٹریشن نہیں ہوگی۔ جبکہ دوسری جانب وہاں پر غیر قانونی طور پر آباد افغان مہاجرین رجسٹریشن اور کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ مہیا کیاجاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہرنائی مری بلوچوں کا مسکن ہے اور ملک کے آئین و قانون کے تحت شہریت بنانے کا حق رکھتے ہیں۔ انہیں ملکی شہری دستاویزات سے محروم رکھنے کے پیچھے ایک گہری سازش ہے جو وہاں کے مقامی بلوچوں کو اقلیت میں بدلنے کا سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں یہ ناروا عمل ہمیں کسی بھی صورت قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے گزشتہ روز بی این پی کی جانب سے ہرنائی میں نادرا آفس کے سامنے احتجاج بھی کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت محکمہ داخلہ ،چیرمین نادرا اور ڈی جی نادرا بلوچستان ڈسٹرکٹ ہرناہی نادرا انچارج کے مقامی بلوچوں کے ساتھ اس غیر آئینی و غیر قانونی عمل کا نوٹس لیا جائے۔