اسلام آباد(اے پی پی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کابل ائیرپورٹ پر حملے کے بعد انخلاء کیلئے 3 ہزار افراد کو ٹرانزٹ کی سہولت فراہم کی‘ ایک بھی شخص کو مہاجر یا پناہ گزین کی حیثیت نہیں دی‘قومی سلامتی کے تقاضوں اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں‘ دنیا کی سب سے بڑی سیاست پاکستان کے گرد ونواح میں ہونے جارہی ہے‘فضل الرحمان سے زیادہ ذمہ داری کی توقع تھی لیکن وہ غیر ذمہ دارانہ سیاست کر رہے ہیں‘ اپوزیشن غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کرے، اسلام آباد آنے کا شوق پورا کرے، آئین و قانون کے مطابق وہ سلوک کریں گے جس کے وہ مستحق ہیں ۔ اپوزیشن میں عقل سمجھ نہیں ہے‘یہ یہاں آکر پھنس جائیں گے، پچھتائیں گے۔الیکشن سے قبل نیب کیسز کا فیصلہ ہونا ہے۔پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں صورتحال تبدیل ہونے کے بعد مہاجرین کا سیلاب آسکتا تھا، شکر ہے نہیں آیا‘ایسی غیر ذمہ داری کی باتیں نہیں کرنا چاہئیں کہ سارا ملک خالی کرادیا، تین ہزار افراد کو ہوٹلز میں ادائیگی پر ٹھہرایا جائے گا، انہیں 21 دن سے ایک ماہ تک کا ویزا دیا ہے، وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن نے پھر مارچ کا اعلان کیا ہے، پہلے بھی دسمبر میں استعفیٰ لینے کیلئے اسلام آباد آنے کا اعلان کیا تھا‘یہ دنیا کے حالات کو نہیں سمجھ رہے‘اپوزیشن لاری اڈا لاری اڈا کی سیاست کر رہی ہے‘اپوزیشن کے پلے کیا ہے، اب الیکشن کی تیاری شروع کریںالیکشن سے قبل نیب کیسز کا فیصلہ ہونا ہے۔