اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر صحافیوں کے احتجاجی مارچ اور چوبیس گھنٹے کے دھرنے کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے وفد نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے، آر آئی یو جے کی پریس فریڈم ایکشن کمیٹی کے چیئرمین افضل بٹ نے مولانا فضل الرحمان کو 13 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران پارلیمنٹ کے باہر دھرنے اور مطالبات کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ مشترکہ اجلاس میں صدر پاکستان کے خطاب کے دوران بھرپور طریقے سے احتجاج کریں گے، صحافت اور جمہوریت دونوں لازم ملزوم ہیں حکومت ملک میں چائنہ جیسا سسٹم لانا چاہتی ہے لیکن پھر اس کے بعد انقلاب آئے گا جمعرات کے روز ہونے والی ملاقات میں آر آئی یو جے کی پریس فریڈم ایکشن کمیٹی کے چیئرمین افضل بٹ،جنرل سیکرٹری آر آئی یو جے طارق علی ورک،صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم سیکرٹری نیشنل پریس کلب انور سابق صدر پریس کلب طارق چوہدری،سابق صدر آر آئی یو مبارک زیب خان،علی رضا علوی ،سیکرٹری پی آر اے آصف بشیر چوہدری چیئرمین لوکل ایپنک اسحاق چوہدری شامل تھے،افضل بٹ نے صحافیوں کے مسائل سے مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کیااور اپنے مطالبات بھی تحریری طور پرانہیں دیئےمولانا فضل الرحمان نے صحافیوں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی افضل بٹ نے کہا کہ 12 ستمبر کو شام چار بجے نیشنل پریس کلب سے ریلی نکلے گی جو پارلیمنٹ کے سامنے پہنچ کر دھرنے کی شکل اختیار کر لے گی اور رات کو سینئر صحافیوں کے پروگرام ہوں گے اور 13 ستمبر کو صدر پاکستان کے پارلیمنٹ سے خطاب کے بعد دھرنا ختم کر دیا جائے گا یہ ہمارا ٹوکن احتجاج ہو گا انہوں نے کہا کہ ہر دور میں آپ نے بڑی جمہوری تحریکوں میں حصہ لیا ہے،جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کی آواز بلند کی،امید ہے اب بھی جےیوآئی صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہماری جماعت صحافیوں کے حقوق کی آواز ہر جگہ بلند کرے گی،پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں ہم نے فیصلہ کیا کہ 13 ستمبر کو صحافیوں کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس میں احتجاج کریں گے،صحافیوں کے حقوق کیلئے ملک بھی میں صوبائی ہیڈکوارٹرز میں سیمینار کریں گے، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نیشنل پریس کلب میں بھی جلد پی ڈی ایم صحافیوں کے حق میں سیمینار کرے گی،موجودہ حکومت صحافیوں پر غیر اعلانیہ مارشل لاء نافذ کرنے کی تیاری میں ہے، جمعیت علماء اسلام صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔