کوئٹہ(خ ن)عوام کو معیاری اور ملاوٹ سے پاک اشیاءخوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جاری کارروائیوں کے دوران 4 ہوٹلوں ، 2 میٹ شاپس ، 2 جنرل سٹورز اور 1 فوڈ کارنر پر جرمانے عائد کردئیے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل ابراہیم بلوچ کی ہدایت پر بی ایف اے کی تین مختلف فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے مراکز کے معائنے پر ہوٹلوں کے خلاف پرانا کھانا و باسی سبزیوں کی موجودگی ، گندے برتنوں ، ناقص صفائی اور پکوان میں غیر معیاری فوڈ کلرز کے استعمال پر کارروائی کی گئی۔ بی ایف اے حکام کے مطابق میٹ شاپس کو بارہا منع کرنے کے باوجود صفائی کے انتظامات بہتر نہ کرنے ، دکانوں کے باہر گردوغبار میں گوشت لٹکانے پر جرمانہ کیا گیا ، جنرل اسٹورز سے ممنوعہ و مضر صحت اشیاء برآمد ہوئیں ، فاسٹ فوڈ کارنر میں کھانوں کی تیاری کیلئے نان فوڈ گریڈ کلرز استعمال کئے جارہے تھے اور کچن میں بیت الخلا بنایا گیا تھا جبکہ نان شاپ میں بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی سامنے آئی جس پر مذکورہ مراکز کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے جن علاقوں میں مراکز چیک کئے گئے ، ان میں جناح روڈ ، تھانہ روڈ ، سمنگلی روڈ اور مشرقی بائی پاس شامل تھے۔