سابق لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا نے کہا ہے کہ آسٹریلیا پہنچ کر اُن کے شوہر نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے۔
شنیرا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک خوبصورت ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عائلہ بھاگتے ہوئے گھر کا دروازہ کھولتی ہیں تو سامنے اُن کے والد وسیم اکرم کھڑے ہوتے ہیں۔
عائلہ اپنے والد کو دیکھ کر فوراََ اُن کے گلے لگ جاتی ہیں اور وسیم اکرم کہتے ہیں کہ میں نے آپ کو بہت زیادہ یاد کیا۔
انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شنیرا نے لکھا کہ ’وسیم نے عائلہ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس بار فادرز ڈے مِس نہیں کریں گے اور یہ دن آسٹریلیا میں ہی منائیں گے۔‘
شنیرا نے لکھا کہ ’10 ماہ کے بعد وہ کورونا وائرس، سفر، قرنطینہ جیسے مسائل کا سامنا کرتے ہوئے آخرکار آسٹریلیا پہنچ گئے ہیں۔‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’وسیم نے عائلہ سے کیا وعدہ وقت پر پورا کردیا ہے۔‘
واضح رہے کہ سابق قومی کرکٹر وسیم اکرم اہلیہ شنیرا اکرم اور بیٹی عائلہ سے طویل مدت بعد ملنے کے لیے گزشتہ دنوں ہی میلبورن پہنچے تھے۔
گزشتہ برس سے شنیرا بیٹی کے ہمراہ کورونا وبا کے باعث سفری پابندیوں کے باعث آسٹریلیا میں ہی پھنسی ہوئی تھیں۔