امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ پوری قوم اپنی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بات امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے آج صبح کوئٹہ میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر ہوئے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہی ہے۔
انہوں نے اللّٰہ تعالیٰ سے خود کش دھماکے کے شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ درجات، ان کے لواحقین کو صبر عطاء کرنے اور زخمی ہونے والے افراد کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں آج مستونگ روڈ پر سوہنا خان ایف سی چیک پوسٹ پر خود کش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
خود کش حملے کے تمام زخمیوں اور لاشوں کو شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دھماکے کےبعد ریسکیو ٹیموں کے علاوہ سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکا خود کش تھا، خود کش حملہ آور کا سر اور دیگر جسمانی اعضاء قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا، جس نے اپنی موٹر سائیکل قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی سے ٹکرائی۔