• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ندا یاسر ایک پرانی ویڈیو وائرل ہونے پر ٹوئٹر ٹرینڈ بن گئیں

معروف پاکستانی میزبان و اداکارہ ندا یاسر اپنے مارننگ شو کی ایک پرانی ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ بن گئی ہیں۔

اس وائرل ویڈیو کلپ میں ندا کونسٹ ( NUST ) یونیورسٹی کے طلباء سے کچھ سوالات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جنہوں نے ایک فارمولا 1 ریسنگ کار بنائی اور طلباء کو ان کی اس شاندار کامیابی پر ندا یاسر کے مارننگ شو میں مدعو کیا گیا تھا۔

ندا یاسر کو ویڈیو میں طلباء سے چند سوال پوچھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ندا یاسر نے فارمولا 1 ریسنگ کار کے بارے میں پوچھا کہ کیا اس میں ایک سے زیادہ لوگ بیٹھ سکتے ہیں؟

طالب علم نے ندا کے سوال کا جواب دیا کہ ’دراصل یہ فارمولا کار ہے لہٰذاصرف ایک ہی فرد بیٹھ سکتا ہے۔‘

جس پر ندا نے کہا کہ ’او تو ابھی یہ صرف ایک فارمولا ہے، کیا آپ نے ابھی تک اس کا کسی کار پر تجربہ کیا ہے؟‘

ندا کے اس سوال پر ایک طالب علم نے ندا یاسر کی اصلاح کرتے ہوئے کہا کہ ’نہیں، یہ ایک فارمولا کار ہے۔ ہم نے بنائی ہے اور یہ ایک ریس کار ہے۔‘

جس پر ندا یاسر نے ایک اور مضحکہ خیز سوال پوچھ کر سب کو حیران کردیا کہ ’تو، کیا یہ پیٹرول کار کی طرح تیز چلتی ہے؟‘

ندا یاسر کے شو کی یہ پرانی ویڈیو کلپ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور فارمولا کارز کے بارے میں معلومات نہ ہونے پر سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو کلپ پر دلچسپ تبصرے کررہے ہیں جس کی وجہ سے ندا یاسر اس وقت پاکستان میں ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز کا حصّہ بنی ہوئی ہیں۔

ایک صارف نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایسا تب ہوتا ہے جب آپ اپنی ڈگری آن لائن مکمل کرتےہیں۔‘

ایک اور صارف نے ندا یاسر کی وائرل ویڈیو کلپ پر میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ندا یاسر کا شو دیکھنے کے بعد فارمولا کار کمپنیاں تین سیٹر فارمولا کار بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔‘

اسی طرح کئی سوشل میڈیا صارفین ندا کی اس وائرل ویڈیو پر بہت دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔

یہاں ایک نظر چند مزید دلچسپ ٹوئٹس پر:





تازہ ترین