• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کا دورہ جنوبی پنجاب، کوئی موثر شخصیت پی پی میں شامل نہ ہوسکی

ملتان (نمائندہ جنگ) پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت ملتان کی کسی موثر سیاسی شخصیات کو پارٹی میں لانے میں ناکام ہوگئی، بلاول بھٹو کو متاثر کرنے کیلئے ملتان کی جن دو شخصیات کو ٹکٹ ہولڈر ظاہر کرکے پارٹی میں شمولیت کرائی گئی ان میں سے ایک کی الیکشن 2018ء میں ضمانت ہی ضبط ہوچکی ہے جبکہ دوسرا کبھی الیکشن لڑا ہی نہیں اور دلچسپ امریہ ہے کہ اسے ق لیگ کا ٹکٹ ہولڈر قرار دیا گیا لیکن ق لیگ انہیں ٹکٹ ہولڈر تو کجا اپنا کارکن تسلیم کرنے سے بھی انکاری ہے۔ گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری سے این اے 155 کے ٹکٹ ہولڈر انجینئر عاطف عمران کی ملاقات کرائی گئی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی موجودگی میں انجینئر عاطف عمران نے باضابطہ طور پر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیا ر کرلی، واضح ہے کہ عاطف عمران نے 2018 ءکے جنرل الیکشن میں مستقبل پاکستان پارٹی کے پلیٹ فارم سےالیکشن میں حصہ لیکر صرف 128ووٹ حاصل کئے تھے، 2018ء کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کو اس حلقہ سے کوئی امیدوار بھی نہیں مل سکا تھا۔ ملتان سے دوسری شخصیت میاں مظہرعباس جنہیں دو روز قبل مسلم لیگ ق کا این اے 156ملتان سے ٹکٹ ہولڈر ظاہر کرکے پارٹی میں شامل کرایا گیا انہوں نے کبھی الیکشن میں حصہ ہی نہیں لیا اور مسلم لیگ ق کی مقامی قیادت نے بھی ان سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

تازہ ترین