راولپنڈی(آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدراورسابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کی سربلندی اور ووٹ کوعزت دوکی بیانیہ چل رہاہے، مسلم لیگ (ن) ملک کی واحدجماعت ہے جوآئین اورقانون کی بالادستی کی بات کرتی ہے دیگرتمام سیاسی جماعتیں اقتدارکیلئے سودابازی کررہی ہیں ہم نے اقتداردیکھا ہواہے جب تک ملک کانظام آئین کے تحت نہیں چلے گاملک ترقی نہیں کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹر مشاہداللہ خان (مرحوم) کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ ریفرنس سے مسلم لیگ(ن) کے چیئرمین راجہ ظفرالحق،سابق گورنرکے پی کے اقبال ظفرجھگڑا،سابق چیئرمین سینیٹ سید نیر بخاری،جمعیت علما پاکستان کے سربراہ شاہ اویس نورانی، سینیٹرطلحہ محمود، سابق سینیٹرنہال ہاشمی،سابق سینیٹرسلیم ضیا اور دیگر ارکان پارلیمنٹ نے خطاب کرکے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ مشاہد اللہ خان نے ملکی سیاست میں جرات، دلیری، بے باکی اورجمہوری اندازسے اپناکردار اداکیا، ان کی شخصیت میں وطن سے محبت اوراپنی قیادت سے دفاداری کوٹ کرٹ کربھری ہوئی تھی، وہ زندگی کے آخری دن تک سیاسی طورپراپناکرداراداکرتے رہے، ان کاہرعمل قابل تقلیدہے۔ شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ مشاہداللہ خان کاقومی سیاست میں بڑاہم کرداررہاہے ملک کی سیاست کا وہ دن بڑایادگاردن تھاجب پورے ملک میں مشاہد اللہ خان واحدشخص تھا جس نے میاں نوازشریف کی حکومت کے خاتمے پر پرویزمشرف کی آمریت کے خلاف کراچی میں نکل کرآوازبلندکی تھی یہ لیڈرشپ ہوتی ہے۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے مرحوم کوشاندارالفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔