لاہور(نمائندہ جنگ)ترجمان پنجاب حکومت و صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بلاول وہ بلا ہے جو کراچی سمیت سندھ کو کھا چکی ہے سندھ کے سند یافتہ ڈاکوؤں کی پنجاب میں ڈاکہ ڈالنے کی منصوبہ بندی کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ بلاول کے باپ کے پاپ تاریخ میں کالے حروف سے لکھے جا چکے ہیں۔ کراچی سمیت سندھ کی تباہی اور بربادی کی داستانیں بچے بچے کی زبان پر ہیں۔ بلاول یاد رکھے کہ اس کی رگوں میں بھٹو کا نہیں بلکہ مسٹر 10 پرسنٹ کا خون شامل ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندھ کے سند یافتہ ڈاکوؤں کی پنجاب میں ڈاکہ ڈالنے کی منصوبہ بندی کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ جنوبی پنجاب کے باشعور اور غیور عوام نے بلاول اور اس کی تانگہ پارٹی کو آئینہ دکھا دیا ہے اور ہر جگہ ناکامی کے بعد یہ لاڈلا جنوبی پنجاب سے بھی ناکامی کا میڈل سجائے واپس جا رہا ہے۔ کرپشن کی بہتی گنگا میں اشنان کرنے والوں کی پنجاب کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو اپنے قد کے حساب سے بات کرنی چاہیئے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی شرافت، دیانت اور خدمت کی سیاست ان کو کھٹکتی ہے۔ ن لیگ سے بھیک مانگنے والے اس لاڈلے کی ذہنی حالت پر ترس آتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) اورپیپلز پارٹی نے اپنے ادوار میں جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ اپنے دور میں الگ صوبہ بنانا تو دور، یہ لوگ جنوبی پنجاب کے فنڈز بھی چوری کرتے رہے۔ یہ لوگ اپنے دور میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کھوکھلے نعروں کا لالی پاپ دیتے رہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا جائز حق واپس کیا ہے اور تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کرنے کا اعزاز بزدار حکومت کو حاصل ہوا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رولز آف بزنس کو کابینہ اتفاق رائے سے منظور کر چکی ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے سیکرٹریز کو انتظامی لحاظ سے خودمختار بنایا گیا ہے اور جنوبی پنجاب کے عوام کو اپنے کام کے سلسلے میں اب لاہور نہیں آنا پڑے گا۔