پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔
لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری ان کے مسلسل غیر حاضر ہونے پر جاری کیے ہیں۔
اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید پر مسجد میں ویڈیو شوٹ کرنے کے الزام میں مقدمہ زیرِ سماعت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر کے نئے گانے کی ویڈیو کی مسجد وزیر خان میں شُوٹنگ اور رقص پر ان دونوں فنکاروں کو سوشل میڈیا پر تنقید اور مذمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں مبینہ رقص کے معاملے پر اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے خلاف مقدمہ تھانہ اکبری گیٹ میں وکیل فرحت منظور کی درخواست پر درج کیا گیا تھا۔
دفعہ 295 کے تحت درج کی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے مسجد کا تقدس پامال کیا، لہٰذا ان دونوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
دونوں فنکاروں کی جانب سے اس معاملے پر معافی بھی مانگی گئی تھی جبکہ محکمہ اوقاف نے مسجد میں گانے کی شوٹنگ کی اجازت دینے پر مسجد کے منیجر کو معطل کر دیا تھا۔