• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی اسپورٹس حلقے پھٹ پڑے، نیوزی لینڈ کے بائیکاٹ کا مطالبہ

کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کر کٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر ملک کے دیگر کھیلوں کے کھلاڑی بھی پھٹ پڑے اور انہوں نے اس فیصلے پر حیرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی سے نیوزی لینڈ کے خلاف کارروائی اور پاکستان سے نیوزی لینڈ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔ ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین نے کہا کہ یہ پاکستان میں کھیلوں کے خلاف عالمی سازش کا حصہ ہے، اولمپئین ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے کہا کہ آئی سی سی کو اس فیصلےکے خلاف ایکشن لینا چاہئے، اولمپئن ارشد ندیم نے اسے مایوس کن فیصلہ قرار دیا، سابق عالمی اسکواش چیمپئن جان شیر خان نے کہا کہ دنیا بھر کے کھلاڑی پاکستان میں کھیل کر گئے انہیں کوئی سیکیورٹی الرٹ نہیں ملا۔ ایتھلیٹ نسیم حمید نے کہا کہ اس فیصلے کے پیچھے کچھ دوسرے ممالک بھی شامل ہیں، پاکستان کر کٹ بورڈ کو سخت موقف اختیار کرنا ہوگا، خاتون بیڈ منٹن کھلاڑی پلوشا بشیر نے کہا کہ یہ دراصل ہمارے قومی برانڈ پی ایس ایل کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے جو ناکام ہوگی۔ پاکستان کو مستقبل میں نیوزی لینڈ نہیں جانا چاہئے جب تک ان کی ٹیم پاکستان کا دورہ نہ کرے۔ٹیبل ٹینس کے سابق انٹر نیشنل کھلاڑی کوچ عارف خان نے کہا کہ بہتر سیکیورٹی کے باوجود اس قسم کا انداز پاکستان کو بدنام کرنے کے پلان کا حصہ ہے جس پر ہمیں ہر سطح پر احتجاج اور اعتراضات کرنا ہوں گے۔

تازہ ترین