سیاچن (گیاری )(اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے ملکی دفاع کیلئے قابل رشک قربانیاں دی ہیں، پوری قوم ان کی مقروض ہے۔ جمعہ کو شیخ رشید احمد نے سیاچن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادرچڑھائی۔ شیخ رشید احمد نے گیاری میں برفانی تودے کے حادثہ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کی لازوال قربانیوں کی مقروض ہے۔ سیاچن میں فرنٹ پوسٹ پر پاک فوج کے جوانوں سے ملاقات میرا ایک دیرینہ خواب تھا، خدا کا شکرگزار ہوں کہ میری یہ خواہش پوری ہوگئی۔ سیاچن دورے کے دوران وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے گیانگ کا بھی دورہ کیا۔