• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام مہنگائی سے تنگ، حکومت سے جان چھڑانا ہوگی، بلاول بھٹو

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی سے تنگ ہیں، عمران خان نے مہنگائی کو پاکستان کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بنادیا، صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بجلی کے بلوں میں 35 فیصد تک انکم ٹیکس کے نفاذ کے بعد پانی سر سے اونچا ہوچکا ہے، عوام باہرنہ نکلے تویہ حملے جاری رہیں گے،حکومت سے جان چھڑانا ہوگی، ،ٹیکسزلگانے ہیں توعمران اپنے امیر د و ستو ں پرلگائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قوم کو مہنگائی سے نجات چاہیے تو پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا۔بجلی کے بلوں میں 35 فیصد تک انکم ٹیکس کی وصولی سے متعلق صدارتی آرڈیننس پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بجلی کے بلوں میں 35 فیصد تک انکم ٹیکس کے نفاذ کے بعد پانی سر سے اونچا ہوچکا ہے، عوام موبائل فون کارڈ سے لے کر عام ضروریات اشیا تک بلواسطہ ٹیکسوں کی صورت میں پہلے ہی اربوں روپے قومی خزانے میں جمع کروارہے ہیں، پیٹرول کے بعد بجلی کی قیمتیں بڑھنے سے فیکٹریوں کی پیداواری لاگت میں ہونے والا اضافہ عام آدمی کے بجٹ کو مزید متاثر کرے گا، اگر ٹیکس لگانا ہے تو عمران خان اپنے امیر دوستوں پر لگائیں جنہیں ٹیکسوں میں اربوں کھربوں روپے کی چھوٹ دی گئی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے مہنگائی کو پاکستان کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بنادیا، بجلی کے 10ہزار روپے تک کے بلوں پر پانچ اور 20 ہزار تک کے بلوں پر 10فیصد انکم ٹیکس مسترد کرتے ہیں، قوم فیصلہ کرلے کہ اگر مہنگائی سے نجات چاہیے تو پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا۔ مہنگائی کے خلاف ملک بھر کے عوام کمر کس کر باہر نہ نکلے تو عمران خان کے عوام پر حملے نہیں رکیں گے۔

تازہ ترین