پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کے حکم پر الیکشن کمیشن کو بلیک میل کیا جارہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن سے وفاقی وزراء کو سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف اکسانے پر قانونی کارروائی کی جائے، الیکشن کمیشن اور ارکان پارلیمان کے سوالات کے حکومت کے پاس جواب نہیں ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پی آئی ڈی میں بیٹھ کر الیکشن کمیشن پر حملے کیے جارہے ہیں، الیکشن کمیشن ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کیخلاف بغاوت پر اکسانا آئینی اداروں پر حملہ ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن ایکٹ آرٹیکل 10 کے تحت الیکشن کمیشن وفاقی وزراء کے خلاف قانونی کارروائی کرے، الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات حکومت کی غیر جمہوری اور آمرانہ سوچ کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آر ٹی ایس کی پیداوار حکومت اور اس کے وزراء چیف الیکشن کمشنر پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر اور ارکان آئین وقانون کی زبان بول رہے ہیں جو حکومت کو سمجھ نہیں آتی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب غیر قانونی فارن فنڈنگ سے نجات کے لیے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال رہے ہیں، غیرقانونی فارن فنڈنگ کیس میں من مرضی کا فیصلہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن کو بلیک میل کیا جارہا ہے۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن کی دھند اور الیکشن چوری کی رپورٹ رکوانے کے لیے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، ڈسکہ اور اب کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے نتائج کا غصہ الیکشن کمیشن پر نکالا جارہا ہے۔