• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیماڑی، چائنا کریک بیک واٹر پر لینڈ مافیا کا قبضہ، سمندر میں ملبہ ڈال کر پلاٹ تیار کرلئے

کراچی (خرم احمد/اسٹاف رپورٹر) شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشتگردی ،ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر سنگین جرائم کی روک تھام اور دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن کے باوجود شہر میں لینڈ مافیا سرگرم ہے ،کیماڑی میں بااثرلینڈ مافیا نےچائناکریک بیک واٹرپر بھی قبضہ کر لیا ،پولیس اورکے پی ٹی افسران کی مبینہ سرپرستی میں سمندر (چائناکریک بیک واٹر)کی بھرائی کرکے زمین پر قبضہ اور غیر قانونی فروخت کا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت صوبہ بھر میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت جرائم پیشہ عناصر اور سہولت کاروں کے خلاف ٹارگیٹڈآپریشن جاری ہے اور پولیس دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ٹارگٹ کلنگ ، دہشتگردی ،اغواء برائے تاوان اور قبضہ مافیا کے خلاف بھر پور کامیابی کے اعلانات کر رہے ہیں تو وہیں لینڈ مافیا شہر بھر میں سرگرم ہے شہر کی قیمتی زمینوں پر قبضہ کرکےغیر قانونی فروخت کا دھندا عروج پر ہے،کیماڑی کے علاقے میں سکندرآباد میں بلاک 3،4اور 5 میں سیاسی جماعتوں کے رہنما،پولیس وکے پی ٹی کے بعض افسران کی سرپرستی میں بڑے پیمانے پربھرائی کرکے قبضہ کر لیااور مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں مذکورہ علاقہ کو ٹاپو بھی کہا جاتا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ چائناکریک بیک واٹر پر قبضہ کا سلسلہ سال 2000میں پولیس افسران کی سرپرستی میں سکندر شاہ اور باچا خان نے شروع کیا ،اور تین کلومیٹر تک سیکڑوں ایکڑ پر چائنا کریک بیک واٹرمیں قبضہ کرکے ملبہ بھرنے کے بعد ہزاروں پلاٹ فروخت کئے جاچکے ہیں اور اس غیر قانونی قبضہ سے اربوں روپے رقم بٹوری گئی، سکندرآباد بلاک 5 میں قبضہ مافیا 80گز کا پلاٹ 10سے 12 لاکھ میں فرخت کر رہی ہے ،ذرائع نے مزید بتایا کہ بٹوری گئی رقم دہشت گردی کے لئے بھی استعمال ہوتی ہےجس سے مختلف گروہ وجود میں آگئے ہیں،غیر قانونی آمدنی کے آسان ذریعے کے سبب مذکورہ علاقہ جرائم پیشہ عناصر کاگڑھ بن گیا ، منشیات کے اڈوں کی بھی بھرمار ہوگئی ہے اورکالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کی بھی یہ محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے اول خان نامی منشیات فروش نے متعدد اڈے قائم کر لیے جو آج بھی قائم ہیں ،زمینوں پر قبضے اور منشیات کے اڈوں کی بھرمار کے سبب جرائم پیشہ عناصر گروہوں میں تصادم اور ٹارگٹ کلنگ معمول بن گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہےکہ چائنا کریک بیک واٹر پر بھرائی کرکے قبضہ کے باعث سیوریج نالے اور برساتی نالے بھی بند ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے کیماڑی اور دیگر علاقے کا سیورج سسٹم تباہ ہوچکا ہے اور کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں ۔
تازہ ترین