• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نادرا، پاسپورٹ دفاتر میں مڈل مین اور ایجنٹوں کا کردار ختم کیا جائے ،چوہدری نثار

  اسلام آباد  (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا، پاسپورٹ اور محکمہ امیگریشن کو ہدایت کی ہے کہ لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلہ میں سینئر افسران کو نامزد کیا جائے جو ذاتی طور پر ایک ماہ میں سروس سینٹر کا دورہ کریں اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔ جمعرات کو یہاں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینئر افسران ایک ماہ تک سینٹرز میں موجود رہیں اور پاسپورٹ اور کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے حصول میں مقامی لوگوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نادرا اور پاسپورٹ آفسز میں مڈل مین اور ایجنٹس کا کردار ختم کیا جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات ختم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایجنٹ مافیا کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان بھر میں جدید ڈیجیٹیل سسٹم موجود ہے تو لوگوں کو لمبی قطاروں میں کیوں انتظار کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مرحلہ پر کسی اہلکار کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر نادرا یا پاسپورٹ سینٹرز پر تعینات کوئی بھی اہلکار لوگوں کے مسائل کو حل نہ کر سکے تو اسے برطرف کیا جائے۔
تازہ ترین