• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی قوم سے زیادہ کسی نے امن کیلئے قربانیاں نہیں دیں، وزیرِ اعلیٰ پنجاب

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، پاکستانی امن پسند قوم ہے، پاکستانی قوم سے زیادہ کسی اور قوم نے امن کیلئے قربانیاں نہیں دیں، بھارت کا انتہا پسند انہ رویہ خطے میں امن کے لیے خطرہ ہے، مقبوضہ کشمیر، فلسطین اور بعض دیگر علاقوں میں بسنے والے انسان امن کے متلاشی ہیں۔

امن کے عالمی دن پر پیغام میں عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام امن کی اہمیت اور ضرورت سے باخوبی آگاہ ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم نے اپنے لہو سے امن کی تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی امن کی کوششوں میں پاکستان ہراوّل دستے کا کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کا آگ سے امن تک کا سفر شہداء کی قیمتی قربانیوں کا مرہونِ منت ہے، شہداء امن کے پیامبر ہیں جن کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دینے کے بعد امن نصیب ہوا ہے، بھارت کا انتہا پسند انہ رویہ خطے میں امن کے لیے خطرہ ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکار نے غیر قانونی اقدام کر کے امن کی تمام کوششوں کو سبوتاژ کیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر، فلسطین اور بعض علاقوں میں بسنے والے انسان امن کے متلاشی ہیں، غربت، ناانصافی، جہالت، محرومی، جارحیت اور توسیع پسندانہ عزائم امن کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، امن کا براہِ راست تعلق ترقی اور خوش حالی سے جڑا ہوا ہے، وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ماضی کے مقابلے میں زیادہ محفوظ اور پُرامن ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کیلئے اپنا آج قربان کرنے والے وطن کے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں، عالمی یومِ امن کو منانے کا مقصد لوگوں میں امن کی ضرورت اور اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔

تازہ ترین