مراٹھی فلموں کی اداکارہ ایشوری دیش پانڈے 25 برس کی عمر میں خوفناک کار حادثے کا شکار ہوکر چل بسیں.
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشوری دیش پانڈے کا تعلق بھارتی شہر پونے سے تھا اور ان کی گاڑی کو حادثہ 20 ستمبر کی صبح پانچ بجے گووا میں پیش آیا،جس میں وہ جانبر نہ ہوسکیں ۔
اداکارہ 15ستمبر کو اپنے دوست شوبھم کے ساتھ چھٹیاں منانے گووا گئی تھیں اور دونوں کار میں کہیں جارہے تھے جبکہ کار میں سینٹرل لاک لگا ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق کار ایک پل سے گزر رہی تھی جب ڈرائیور نے کار کا کنٹرول کھودیا اورکار پل سے ندی میں جاگری۔
یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ کار میں سینٹرل لاک کے لگے ہونے کے باعث دونوں باہر نہیں نکل پائے اور موت کے منہ میں چلے گئے۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اداکارہ اور شوبھم میں رشتہ قریبی دوستی سے زیادہ تھا، دونوں اگلے ماہ منگنی کی تیاریوں میں مصروف تھے۔
ایشوری نے حال ہی میں ہندی اور مراٹھی پراجیکٹس کی شوٹنگ مکمل کی تھی ۔