• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کو سیاہ رنگ کے بادلوں نے اپنے نرغے میں لے لیا اور شہر بھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہو گئی۔

کراچی میں ملیر ہالٹ، رفاہِ عام اور دیگر علاقوں میں تیز بارش شروع ہوئی، جس کے بعد کورنگی سنگر چورنگی، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، گلشنِ معمار، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد اور شہر کے دیگر علاقوں میں بھی بادل زور و شور سے برسنے لگے، بارش ہونے سے شہر کا موسم خوش گوار ہو گیا۔

محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے پہلے ہی پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں آج دوپہر سے تھنڈر سیلز بننے کا سلسلہ شروع ہوگا جس سے شہر میں آج دوپہر یا شام میں ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ مون سون کے سسٹم کے باعث تھر پارکر اور اطراف میں بارش ہوئی ہے۔

ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ وسطی بھارت اور راجستھان میں 2 سسٹم موجود ہیں، ایک اور سسٹم خلیج بنگال میں بن چکا ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ خلیجِ بنگال کے سسٹم کے باعث 27 ستمبر کو بھی کراچی میں بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر میں شمال مغرب سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ صبح میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

تازہ ترین