محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک اور صوبہ سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آج دوپہر سے تھنڈر سیلز بننے کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز نے بتایا کہ تھنڈر سیلز بننے سے شہر میں آج دوپہر یا شام میں ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مون سون کے سسٹم کے باعث تھر پارکر اور اطراف میں بارش ہوئی ہے، وسطی بھارت اور راجستھان میں 2 سسٹم موجود ہیں۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات نے یہ بھی کہا ہے کہ ایک اور سسٹم خلیج بنگال میں بن چکا ہے، خلیج بنگال کے سسٹم کے باعث 27 ستمبر کو بھی کراچی میں بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کی جانب سے پہلے ہی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرِ قائد کا موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر میں شمال مغرب سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ صبح میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔