• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اس میں میز، کرسیوں اور برتن سمیت ہر چیز برف سے بنائی گئی ہے

پیارے بچو: آپ نے چین کے سرد ترین شہر’’ ہربن ‘‘میں دنیا کے سب سے بڑے ’’ وِنٹر ونڈرلینڈ‘‘میں ہر سال برف سے مجسمہ سازی کے مقابلے کے انعقاد کے بارے میں پڑھا ہوگا، لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا کے ایک شہر میں برف سے تعمیر کیا گیا ایسا ہوٹل موجود ہے جس میں ہر چیز برف کی ہے۔ اگر آپ کو معلوم نہیں تو ہم آپ کو بتاتے ہیں۔ قطبِ شمالی کے جنوب میں سوئیڈن کے قصبے’’جوکس جاروی ‘‘ (JUKKASJARVI)میں ایک ایسا ہوٹل ہے جو مکمل طور سے برف سے تعمیر کیا گیا ہے۔ 

اس ہوٹل کی تیاری میں 40ہزار ٹن برف استعمال کی گئی ہے۔ اسے ہر سال اکتوبر کے مہینے میں ڈیزائن کیا جاتا ہے، اس کی تیاری کا کام آٹھ ہفتے میں مکمل ہوتا ہے اور دسمبر میں سیاحوں کے لیے کھول دیا جاتا ہے جو اپریل تک کھلا رہتا ہے۔ یہ سلسلہ گزشتہ 30سال سے جاری ہے۔ یہ دنیا کا پہلا ’’آئس ہوٹل‘‘ ہے جس میں برف سے بنے ہوئے ایک اعشاریہ 6 ٹن وزن کے ایک ہزار بلاکس لگائے جاتے ہیں۔ 

اس ہوٹل میں سیاحوں کی رہائش کے لیے 35کمرے ہیں جو مکمل طور سے برف سے تعمیر کیے جاتے ہیں جب کہ کرسیوں سے لے کر بستر،دروازے ،میز، کرسیاں، دیواریں اور برتن تک برف سے ہی تیار کیے جاتے ہیں۔ اس ہوٹل میں کمروں کی ڈیزائننگ اور آرٹ سویٹس کی تیاری کیلئے دنیا بھر سے 42آرٹسٹوں اور 100فنی ماہرین کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ اس میں آئس ریسٹورنٹ، آئس چیپل اور درجن سے زائد سوئمنگ پولز بھی بنائے جاتے ہیں۔ ہر سال تقریباً 20ہزار سے زائد سیاح اس برفانی ہوٹل میں ٹھہرتے ہیں۔ سوئیڈن کے اس ہوٹل سے متاثر ہوکر جاپان ، کینیڈا اور دنیا کے دیگر ممالک میں بھی آئس ہوٹل تعمیر کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین