• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج ہم نے ایک اور ستارہ کھودیا: عدنان صدیقی

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی کی جانب سے ماضی کے سینئر اداکار طلعت اقبال کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں عدنان صدیقی نے کہا کہ ’یہ جان کر دکھ ہوا کہ ہم نے ایک اور ستارہ کھو دیا، طلعت اقبال پاکستان شوبز انڈسٹری کے سنہری دور سے تعلق رکھتے تھے۔‘

عدنان صدیقی نے اداکار کی مغفرت کے لیے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ ’طلعت اقبال صاحب 70 اور 80 کی دہائی کے ایک حقیقی ستارے تھے۔‘

واضح رہے کہ ماضی کے سینئر اداکار طلعت اقبال مختصر علالت کے بعد امریکا میں انتقال کر گئے، اہلِ خانہ نے اداکار طلعت اقبال کے انتقال کی تصدیق کی۔

اداکار طلعت اقبال عرصۂ دراز سے امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ مقیم تھے، وہ 2 ہفتوں سے اسپتال میں زیرِ علاج اور مصنوعی تنفس پر تھے۔

خیال رہے کہ اداکار طلعت اقبال نے 70ء اور 80ء کی دہائی میں کئی ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیئے، جبکہ انہوں نے کئی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

تازہ ترین