• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان کا قتل، سابق ایس ایچ او ہارون کورائی سمیت 4 افراد گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چند دنوں قبل پراسرار طورپر لاپتہ ہونے والے سابق ایس ایچ او تھانہ ہارون کورائی کی گمشدگی کا معمہ حل ہوگیا، سی ٹی ڈی نے ہارون کورائی اور ایک خاتون سمیت چار افراد کی نوجوان کے قتل میں گرفتاری ظاہر کردی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمرشاہد کے مطابق 17جولائی کو سرجانی سے فضل نامی شخص اغوا ہوا تھا اور اسی رات اسکی لاش اسٹیل ٹاؤن کے علاقے سے ہاتھ پاؤں بندھی ہوئی ملی تھی جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا، انہوں نے بتایا کہ اسکی تفتیش کی تو یہ بات سامنے آئی کہ فضل کی اطلاعات پر کسٹم نے کارروائی کرتے ہوئےمئی میں 7کروڑ روپے مالیت کی چھالیہ پکڑی تھی، مذکورہ چھالیہ عمران مسعود اور وحید کاکڑ کی تھی انکے ساتھ تیسرا شئیر ہولڈر جعلی میجر عثمان نے اس وقت کے ایس ایچ او ہارون کورائی سے رابطہ کیا اور اسکے ذریعے فضل کو اغوا اور قتل کرایا، مذکورہ قتل کو ٹارگٹ کلنگ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وحید کاکڑ ، ہارون کورائی ، خاتون فوزیہ اور ہارون کورائی کا گن مین اختر کورائی کو گرفتار کرلیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمدکرلیا ہے۔

تازہ ترین