• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ، دفاعی چیمپئن کے پی کے مسلسل دوسرے میچ میں کامیاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن کے پی کے نے مسلسل دوسرا میچ جیت لیا۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ پہلے مرحلے کے پانچویں میچ میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو بآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔میچ میں چار وکٹیں حاصل کرنے پر فاسٹ بولر عمران خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔فاتح ٹیم نے 153 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کرلیا۔ کپتان محمد رضوان اور صاحبزادہ فرحان کی شاندار بیٹنگ نے خیبرپختونخوا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ کے لیے 136 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔صاحبزادہ فرحان73رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان نے بنائے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔افتخار احمد اور عادل امین چھ، چھ رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔خیبرپختونخوا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹر اوپنر فخر زمان تھے ۔ وہ ایک کے انفرادی اسکور پر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے تھے۔اس سے قبل خیبرپختونخوا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 152 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خیبرپختونخوا کے فاسٹ بولروںنےمیچ کے آغاز سے ہی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ عمران رندھاوا کے علاوہ سدرن پنجاب کا کوئی بھی بیٹر عمران خان سینئر، شاہین شاہ آفریدی ، ارشد اقبال اور محمد وسیم جونیئر پر مشتمل مضبوط باؤلنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری۔عمران رندھاوا 54رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ حسان خان 25 اور خوشدل شاہ 24 نز بنا کر آؤٹ ہوئے۔عمران خان سینئر نے 4کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا ۔قومی ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کپتان سرفراز احمد کی ذمے دارانہ بیٹنگ کے باعث سندھ نے ناردرن کی طاقتور ٹیم کو چار وکٹ سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح اپنے نام کی۔سرفراز احمد کو 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ سندھ نے 137 رنز کا مطلوبہ ہدف انیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ شرجیل نے43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کھیلی۔اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تواس کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

تازہ ترین