حکومت سندھ کے محکمہ جامعات و بورڈز نے کراچی اور حیدر آباد کے تعلیمی بورڈز میں مستقل چیئرمینوں کی تقرری تک عبوری انتظامات کرتے ہوئے دو مختلف بورڈز کے سربراہان کو اضافی چارج دے دیا ہے۔
محکمہ جامعات و بورڈز کے سیکشن افسر داؤد شاہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کراچی کے چیئرمین مشتاق علی راجپوت کو بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے چیئرمین کا اضافی چارج تفویض کردیا گیا۔
شہید بینظیر آباد بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین ڈاکٹر آصف علی میمن کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن حیدر آباد کے چیئرمین کا اضافی چارج بھی سونپ دیا گیا، وہ یہ ذمہ داریاں اپنی ڈیوٹیوں کے ساتھ فوری طور پر اگلے احکامات تک انجام دیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ تقرریاں سندھ بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آرڈیننس 1972 کی متعلقہ دفعات کے تحت مجاز اتھارٹی کی منظوری سے کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کراچی سیکنڈری بورڈ کے چیئرمین غلام حسین سہو اور حیدر آباد بورڈ کے چیئرمین شجاع احمد میہسر کے استعفے منظور کیے تھے، جس کے بعد دونوں بورڈز میں عبوری انتظامات کی ضرورت پیش آئی تھی۔ اب ان دونوں آسامیوں کے لیے باقاعدہ اشتہار دیا جائے گا اور سرچ کمیٹی چیرمین کے ناموں کا انتخاب کرے گی۔