• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکار عمر شریف کی طبیعت میں بہتری، آج دوپہر امریکا روانگی کی تیاری


کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج پاکستانی کامیڈین عمر شریف کی طبیعت میں گزشتہ روز کی نسبت کافی بہتری آئی ہے جس بنا پر ملکی اور غیر ملکی ڈاکٹروں نے انہیں ایئر ایمبولینس کے سفر کے لیے فٹ قرار دے دیا ہے۔

ڈاکٹرز پرامید ہیں کہ عمر شریف کی صحت اسی طرح برقرار رہی تو منگل کی دوپہر انہیں ایئر ایمبولینس میں امریکا روانہ کردیا جائے گا۔

ڈاکٹرز کے مطابق کامیڈین عمر شریف کی صحت دو روز پہلے کی طرح معمول پر آگئی ہے۔ ایئر ایمبولینس کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے پیر کی سہ پہر کے بعد رات کو بھی نجی اسپتال میں عمر شریف کا معائنہ کیا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق غیر ملکی ڈاکٹر نے عمر شریف سے گفتگو بھی کی، عمر شریف نے اپنی صحت کے بارے میں ڈاکٹرز کو خود جوابات دیے۔

ایئر ایمبولینس کے ڈاکٹرز عمر شریف کے معائنہ کے لیے اسپتال میں موجود ہیں
ایئر ایمبولینس کے ڈاکٹرز عمر شریف کے معائنہ کے لیے اسپتال میں موجود ہیں

ذرائع کے مطابق عمر شریف نے ٹیلی فون پر اپنے امریکی معالج ڈاکٹر طارق شہاب سے بھی بات چیت کی۔

ڈاکٹرز کی ٹیم نے اداکار عمر شریف کو امریکا کے سفر کے لیے فٹ قرار دے دیا۔

فیملی ذرائع کے مطابق اداکار عمر شریف کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی لے لیا گیا، جس کی رپورٹ کل صبح آئے گی۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر شریف کو ایمبولینس میں کل صبح 9 بجے سے 11 بجے کے درمیان کراچی ایئرپورٹ پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایئر ایمبولینس کراچی ایئرپورٹ پر موجود ہے جس کی منگل کو دن 11 بجے کے بعد کراچی سے روانگی متوقع ہے۔

تازہ ترین