کامیڈین و اداکار عمر شریف کو علاج کیلئے بیرونِ ملک منتقل کرنے میں وقت لگے گا۔
عمر شریف کے بیٹے جواد عمر کا کہنا ہے کہ والد کا بلڈ پریشر نارمل نہیں ہے، اس وجہ سے بیرون ملک سفر کرنے میں تاخیر ہوگی۔
جواد عمر نے کہا کہ ڈاکٹروں نے اگلے 24 گھنٹے تک آبزرویشن میں رکھنے کاکہا ہے، 24 گھنٹے بعد والد کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کے نتائج آنے کے بعد بیرون ملک جانے کا فیصلہ ہو گا۔
دوسری جانب مشہور پاکستانی کامیڈین عمر شریف کو علاج کے لیے امریکی دارالحکومت واشنگٹن لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس کراچی پہنچ گئی ہے۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائٹ آئی ایف اے 1264 فلپائن کے منیلا ایئرپورٹ سے کراچی آئی ہے، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئر ایمبولنس طیارے نے 11:56 بجے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے اخراجات کی ادائیگی پر آن کال انٹرنیشنل سے بک کئی گئی ایئرایمبولنس جرمنی میں رجسٹرڈ ہے۔
ایئر ایمبولنس میں عمر شریف کی فیملی کا کوئی فرد سفر نہیں کرے گا بلکہ یہ تمام افراد کمرشل پرواز سے امریکا روانہ ہوں گے۔