• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیم کو جدید طرز پر استوار کرنے میں امریکا کی حمایت کو سراہتے ہیں، وزیراعلیٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (ایس بی ای پی) ایک کامیاب اقدام رہا ہے جو نئی بنیادیں اور نئے معیار قائم کر رہا ہے۔انھوں نےسندھ میں تعلیم کو جدید طرز پر استوار کرنے میں امریکی حکومت کی مسلسل حمایت کو سراہا ۔ مراد علی شاہ پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ حکومت اور ایجوکیشن مینجمنٹ آرگنائزیشنز (ای ایم اوز) کے درمیان کنسیشن معاہدوں پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب میں وزیر تعلیم سید سردار شاہ ،امریکاکے قونصل جنرل مسٹر مارک اسٹرو اور امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ یو ایس ایڈ کے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (ایس بی ای پی) کے تحت تعمیر کیے گئے نجی سیکٹر ایجوکیشن مینجمنٹ آرگنائزیشنز (ای ایم اوز) کو 13 یو ایس ایڈ اسکولوں سمیت 32اسکولوں کے آپریشنل مینجمنٹ کو آؤٹ سورس کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ دستخط کی تقریب میں امریکی حکومت کے اعلیٰ حکام ، سندھ اسکول ایجوکیشن ایس بی ای پی کے شراکت دار اور ای ایم اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سندھ حکومت کی طرف سے سیکریٹری اسکول ایجوکیشن اکبر لغاری اور EMOs کےتین کامیاب عہدیداران ۔ سندھ مدرستہ الاسلام بورڈ (SMB) ، دارِ ارقم ا سکولز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور MDZed (Pvt.) Ltd کےساتھ 10سال کی مدت کے لیے ان سکولوں کے انتظام کے لیے معاہدوں پر دستخط کیے۔ ان معاہدوں کے تحت ، ایس ایم بی یو ایس ایڈ کی مدد سے چار نئے تعمیر شدہ اسکولوں کا انتظام کرے گا اور کراچی کے ملیر اور غربی اضلاع میں سندھ کے 10 دیگر منتخب اسکولوں کا انتظام کرے گا۔

تازہ ترین