لاہور(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز شریف نےکہا ہے کہ حمزہ شہباز کیلئے دل سے دعاگو ہیں،بہت اچھا انسان ہے ،ہماری سوچ، آراء اور طریقہ کار مختلف ہوسکتا ہے لیکن یہ سکہ بند حقیقت ہے اور ہم سب متفق ہیں کہ ہمارے گھر اور جماعت کا سربراہ صرف نوازشریف ہے۔ جبکہ حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ چوری شدہ مینڈیٹ کی حکومت کا انتقام تحریک نجات سے زیادہ ہے۔ ساہیوال ڈویژن کے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں دل سے شہبازشریف کی خدمات کی معترف ہوں۔نوازشریف نے چند افراد کی حرکات پر تنقید کی ،ادارے پر نہیں ،یہ تنقید کسی ذاتی مفاد یا غصے کی وجہ سے نہیں نظریے کی وجہ سے ہے ۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ اس کو حکومت مل گئی ہے لیکن عزت نہیں ملی ،عزت کے اوپر حکومت بہت چھوٹا سودا ہے، اگر ہم بیانیہ اور خدمت کو ملادیں تو مسلم لیگ(ن)جیسی کوئی اور جماعت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر غصہ صرف اپنی چوریاں چھپانے کیلئے نکالا جارہا ہے، عدلیہ سے بھی ایسی ہی آوازیں آرہی ہیں،مخالفین کو دبایا جاتا ہے، قاضی فائز عیسیٰ اور شوکت صدیقی اپنا کیس لڑ رہے ہیں،آج میڈیا کے لوگ نوکریوں سے گئے اور کہنے پر مجبور ہیں۔ ہم نے ڈٹ کر نوازشریف کی مخالفت کی لیکن کبھی زبان بندی نہیں ہوئی۔ آج گلی محلوں میں عوام اس حکومت کوبددعا سے یاد کررہے ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ آج میں بہت سارے ایسے چہرے دیکھ رہا ہوں جو تحریک نجات سے وابستہ ہیں، اس حکومت نے چادر چاردیواری کا تقدس پامال کیا، ہم نے تھانے کچہریاں بھی بھگتی ہیں، 12اکتوبر کو منتخب وزیراعظم پر جھوٹا مقدمہ بناکر چلتا کیا گیا،لیکن اس حکومت کا انتقام اس سے کہیں زیادہ ہے،ماضی میں شرطیں لگاکر کہاجاتا تھا نوازشریف کو پھانسی ہوجائے گی، طیارہ سازش کیس میں اسی قانون میں بھٹو کو پھانسی ہوئی تھی۔لوگ پراپیگنڈے کرتے ہیں لیکن اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں میرے دادا اسی گھر میں شلوار قمیض پہن کر زمین پر بیٹھتے تھے،اللہ نے انکے ایک بیٹے کو وزیر اعظم اور دوسرے کو وزیراعلیٰ بنا دیا۔