لاہور(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب سے لندن کی عدالت کا فیصلہ آیا ہے حکومت کو آگ لگی ہوئی ہے او ربھڑکتے پھرتے ہیں ، برطانوی عدالت کا فیصلہ پاکستانی سپریم کورٹ اور اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، سوا تین سال میرے خاندان کے خلاف طوفان بدتمیزی مچا رہا، اربوں ، کھربوں کے الزامات لگے لیکن حالیہ فیصلے سے حقائق پوری قوم کے سامنے آچکے ہیں، یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی نے از خود تحقیقات کا آغاز کیا لیکن خط و کتابت سے سب کچھ واضح ہے ، ڈی جی نیب لاہور نے لندن کا دورہ کیا اور نیشنل کرائم ایجنسی کو معاونت کی پیشکش کی ، تحقیقات کے دوران جب ہمارے خلاف پیشرفت ہوتی ہوئی نظر نہیں آئی تو نیب اور ایسٹ ریکوری یونٹ کے ہاتھ پائوں پھول گئے اور پھر ایف آئی اے کی بھی انٹری کرائی گئی ،عدالت کے ٹھپے کے بعد عمران نیازی اور انکے چیلوں کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا ہے، مجھے بدنام کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی، قدرت کا نظام ہے، وقت ثابت کریگا کون صادق اور امین ہے، کیا علیمہ خان کی مشینوں کا کیس نیشنل کرائم ایجنسی کو بھیجا گیا ؟ یہ سنگین مذاق اب ختم ہونا چاہیے،عمران خان کا بس چلے تو مجھے ابھی جیل بھیج دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران خان کو دن اوررات میں خواب میں ملتاہوں،میری بدنامی پرجتنا پیسہ حکومت نے خرچ کیاوہ توکردیا،حکومت نے میرے ساتھ ساتھ ملکی ساکھ بھی متاثر کی ،کسی کو عدالت عظمیٰ، عدالت عالیہ اور اب لندن کی عدالت کے فیصلے کے بعد بھی کوئی شک ہے تو وہ کسی حکیم سے اپنا علاج کرائے ،جب جادو ٹونہ بند ہو جائیگا تو ملک میں چلنے والا تماشا بھی بند ہو جائیگا ۔